مزید خبریں

شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں پر تشویش ہے

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ، میاں طاہرایوب،شیخ محمدمشتاق،میاں اجمل حسین بدرنے شہرمیںسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرم اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں ۔ حکومت بدل گئی لیکن چوروں اور ڈکیتوں نے عوام کی جان نہیں چھوڑی ۔ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوئوں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے مگر ارکان اسمبلی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ کی شہرسے نمائندگی کے باوجود شہری اپنی عزت،جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے، عوام کے جان ومال اورعزت وآبرو بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔ فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور شہریوں کی عزت اورجان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ،شہر میں جرائم کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو اپنی حفاظت آپ کرنے کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔