مزید خبریں

قومی و فوجی تنصیبات و املاک پر حملے ناقابل قبول ہیں، شہری ایکشن فورم

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) شہری ایکشن فورم کے اجلاس میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو منظم سازش کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، قومی املاک کے نقصانات سانحہ ہیں، شہری ایکشن فورم پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کرے گی، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ظالمانہ ہے۔ اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ومنظم فوج ہے جسے دشمن مقابلے میں زیر نہیں کر سکا تو اپنے حواریوں کے ذریعے نقصان پہنچا نا چاہتا ہے، قومی و فوجی تنصیبات و املاک پر حملے ناقابل قبول ہیں، شہری ایکشن فورم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی فوج پر ناز ہے، ان کے خلاف کی گئی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں۔ شہری ایکشن فورم نے شہر کے مسائل پر بھی غور کیا اور 12، 12 گھنٹے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجلاس میں انتباہ کیا گیا کہ 22 مئی تک بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی گئی تو مارکیٹ اور واپڈا ہائوس پر دھرنا دیا جائے گا۔