مزید خبریں

سیاسی جماعتیں اپنی انا پاکستان پر قربان کردیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کے خلاف بیرونی و اندرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، پاکستان میں بہت بحران آئیں لیکن موجودہ بحران زیادہ خطرناک ہے،پاکستان میں سیاسی جماعتیں لڑ رہی ہیں،کسی کو احساس نہیں کہ ملک کس حال میں ہے،اتحاد کانفرنس پیغام دے رہی ہے کہ اپنی انا پاکستان پر قربان کردیں، سیاسی جماعتیں اتحاد و اتفاق کے ذریعے
پاکستان کو بحران سے نکالیں، ہم سب پاکستان کی بنیاد پر اتحاد کا پیغام لے کر گلی گلی جائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اتحاد کانفرنس منعقد کرکے بھرپور تحریک چلائیں گے، پاکستان اور ہمارے ادارے محفوظ ہوں گے تو جماعتیں بھی محفوظ ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے رہنما فیصل ندیم، چیئرمین رابطہ علما و مشائخ پاکستان قاری محمد یعقوب شیخ، جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری اعظم چودھری، مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ خالد نیک، سید اے آر نقوی، عقیل احمد لغاری، احمد ندیم اعوان، مفتی محمد یوسف کشمیری، پیر سید ہارون علی گیلانی، پیر مخدوم ندیم ہاشمی، حافظ محمد انور، شہباز عبدالجبار، ممتاز سیال، حاجی عبدالغفار، پیر سید عبدالغنی، محمد عمیر، عدیل عامر، شگفتہ شاہد و دیگر نے مزار قائد کے سامنے عظیم الشان اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں شہر بھر سے مرد و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔