مزید خبریں

پاکستان کی بقا اتحاد امت میں ہے ،جماعت اسلامی غلبہ دین کی علامت ہے،حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اتحاد امت میں ہے، پاکستان واحد ملک ہے جو ایک نظریے اور فکر کے نام پر معرض وجود میں آیا، پاکستان کی ترقی و استحکام اسلام سے وابستہ ہے، جماعت اسلامی پاکستان میں غلبہ دین کی علامت ہے جو قیام پاکستان سے لیکر اب تک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کے تحت شاہراہ قائدین پر منعقدہ اتحادکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کاکہنا تھاکہ اس وقت ملک سیاسی معاشی و اخلاقی
طور بحران کا شکار ہے، جس میں غیروں کے ساتھ اپنے بھی پیش پیش ہیں۔ ملکی مفاد کی خاطر سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی نے وفد کی صورت میں حکومت اور پی ٹی آئی سے مذاکرات کرکے اتحاد و یکجہتی اورمتفق ہوکر انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں انتشار کے بجائے اتحاد کی فضا برقرار رہنی چاہیے ،اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے، اس حوالے سے مرکزی مسلم لیگ کی کوششیں قابل قدر ہیں،جماعت اسلامی اتحاد امت کے لیے ان کے ساتھ ہے۔ اتحا کانفرنس میں جماعت اسلامی نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیر قیادت وفد کی صورت میں شرکت کی، جس میں صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز چنا ، سید نظام الدین شاہ بخاری، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور مشاہد حسین کھوسہ بھی شامل تھے۔