مزید خبریں

مہنگائی بیروزگاری کیخلاف جماعت اسلامی کا مختلف شہروں میں احتجاج

بدین/ ٹنڈو آدم/ لاڑکانہ/ میرپورخاص/ فیصل آباد (نمائندگان جسارت) بدین میں جماعت اسلامی کی جانب سے مسجد اقصیٰ کھوسکی روڈ سے پریس کلب تک مہنگائی، بیروزگاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تاجر برادری سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سیدعلی مردان شاہ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ،آٹے سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اضافہ سے عوام کی چیخیں نکل گئیں، حکومت نے گندم اور آٹے کی قیمت اضافہ کر کے عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا، ہر انسان مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے، حکمرانوں کو احساس نہیں ، شہر میں آٹا خریدنے کے لیے لوگ لائنوں میں لگے ہیں، یہ آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ ہے، مہنگائی، بیروزگاری، بے امنی اور بدحالی ہے۔ ٹنڈوآدم میں پریس کلب پر امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالغفور انصاری اور مشتاق احمد عادل کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر حکمرانوں کی شاہانہ عیش و عشرت اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالغفور انصاری،نائب امیر مشتاق احمد عادل، مقامی امیر عبدالستار انصاری ،حاجی نور حسن، سید عریف اللہ،احمد بلال غوری، فیصل غفور انصاری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، اشیائے خورونوش، بجلی گیس، پیٹرول، ڈیزل، دواؤں کی قیمتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، حکمران ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے ہوئے ہیں، انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ لاڑکانہ میں مہنگائی اور گیس کے بلوں میں اضافے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر قاری ابو زبیر جاکرو، عبدالستار چانڈیو، جی آئی یوتھ کے صدر عبدالحمید مغل اور دیگر نے کہا کہ کورونا، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، مہنگائی کی زبردست لہر اور پھر یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے نے ثابت کر دیا کہ حکمران اپنی کرپشن جاری رکھنے اور ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنے کے لیے آئی ایم ایف کے ایجنٹ بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کے باعث غریب طبقے کو 2 وقت کی روٹی بھی میسر نہیں جبکہ حکمرانوں نے بھی عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ کر خود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ میرپورخاص میں مدینہ مسجد چوک پر منعقدہ عوامی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص ارسلان جاٹ ، مقامی امیر رفیق چوہان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں 23 کروڑ پاکستانیوں کا معاشی ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوئی ہیں، حکومتی ٹولے کی تمام توجہ ملکی خزانے پر ہے، حکومتی ٹولے کے سرکردہ لیڈر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے گندم بحران کے دوران اے پی ڈی ایم ٹولے کی 20 ارب روپوں کی کرپشن کے اعترافی بیان نے حکمرانوں کے منہ پر کالک مل دی،شہری اپنے بچوں کی خاطر آٹے کی تلاش میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ضلع کونسل چوک میں صوبائی نائب امیر سردار ظفر حسین خان ،ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ محمد مشتاق، انجینئر عظیم رندھاوا، رانا عدنان خاں، میاں اعجاز، عبدالستار بیگا، ملک معراج الدین، ڈاکٹر سعید آفتاب، امجد قیوم پراچہ،لیاقت علی گل،صدر جے آئی یوتھ نویداعوان کی قیادت میں احتجاج کیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں ،مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سردارظفرحسین خان نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی لڑائی میں مصروف ہیں، ذخیرہ اندوز مافیا نے گندم کا مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو کراچی سے چترال تک آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا۔ لوگ ایک آٹے کے تھیلے کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، تینوں بڑی جماعتوں میں مافیاز موجود ہیں جنہوں نے نے ماضی میں بھی چینی، ادویات، پیٹرول کے مصنوعی بحران پیدا کر اربوں روپے کمائے،حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان گندم برآمد کرنے والے ملک سے گندم درآمد کرنے والا ملک بن گیا۔