مزید خبریں

لاہور، عید الفطر پر امن و امان کیلیے پولیس کا سیکورٹی پلان

 

لاہور ( این این آئی)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر شہریوں اور نمازی حضرات کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات کیپیٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اس حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف ، تمام ڈویژنل ایس پیز آپریشنز ونگ سمیت متعلقہ پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس نے چاند رات اور عیدالفطرکے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مفصل اور مربوط سیکورٹی پلان مرتب کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عید الفطر اور چاند رات پر سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ 06 ایس پیز، 35ڈی ایس پیز،83ایس ایچ اوز اور 376 سے زائد اپر سب آرڈینیٹس سمیت 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار مساجد، عید گاہوں، امام بار گاہ، عبادت گاہوں، پارکس، قبرستان اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ہوںگے۔شہر کی5 ہزار سے زائد مساجد اور عبادت گاہوں کو حساسیت کے اعتبار سے تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیاہے۔جس کے مطابق 218مساجد کو اے کیٹیگری،775 کو بی جبکہ 4064 مساجد کو سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔مساجد اور عبادت گاہوں کے علاوہ 190 سے زائد کھلے مقامات پر بھی نماز عید ادا کی جائے گی جہاں عبادت گزاروں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سیکورٹی چیکنگ سے گذرنے کے بعد ہی عید گاہ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔گاڑیوں کی پارکنگ عبادت گاہوں سے ایس او پیز کے مطابق مناسب فاصلے پر بنائی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ عبادت گاہوں میں آنے والے شہریوں چیکنگ کے لئے میٹل ڈیٹکٹرزاور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ مساجد اور عبادت گاہوں سمیت حساس مقامات پر مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے لئے چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر ڈولفن اسکواڈ کی 243، پولیس رسپانس یونٹ کی 96 ٹیمیں جبکہ ایلیٹ فورس اور تھانوں کی گاڑیاں بھی مساجد، عبادت گاہوں اوراہم مقامات کے گرد مسلسل پیٹرولنگ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران چاند رات،عید الفطر پر ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔