مزید خبریں

قرآن انسانوں کے لیے ہدایت ہے،حافظ نصراللہ عزیز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)روزہ عظیم الشان عبادتوں میں سے ایک عبادت ہے ۔روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والاہے۔ رمضان میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور اپنے رب سے گناہوں کی معافی مانگی جائے اور جنت کا حصول ممکن بنایا جائے۔ روزہ اور قرآن آخرت میں بندے کی شفاعت کریں گے۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیزنے جماعت اسلامی علاقہ انڈسٹریل ایریا کورنگی کے تحت عوامی کالونی کورنگی میں پروفیسر اورنگزیب مرحوم کی رہائش گاہ پر دعوت افطار کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ناظم علاقہ انجینئر نوید اختر بھی موجود تھے ۔حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ قرآن انسانوں کے لیے ہدایت کی واضح ترین دلیل ہے ۔یہ حق اور باطل کے درمیان فرق پیدا کرتا ہے۔روزہ عظیم الشان عبادتوں میں سے ہے یہ بندے کو گناہوں سے بچاتا ہے افطار کے وقت کی جانے والی دعا کو اللہ تعالیٰ قبول فرماتے ہیںاور افطار کے وقت روزہ دار اپنے رب سے ملاقات کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روزے میں بڑی شیرنی اور مٹھاس ہے ۔رمضان نفس کا مہینہ ہے،کردار سازی اور کریکٹر سازی کا مہینہ ہے ۔