مزید خبریں

رمضان کی برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے،مفتی ضیاء الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے اور لوگوں کے دلوں کو تبدیل کر دیتا ہے۔اس ماہ مبارک میں اللہ سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے۔رمضان کی ساعتوں، برکتوں اوررحمتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے اور اس ماہ مبارک کو اپنی زندگی کا آخری رمضان سمجھا جائے۔یہ بات جماعت اسلامی کے رہنما اور جمعیت اتحادالعلماء کرا چی کے نائب صدر شیخ الحدیث وقرآن مفتی ضیاء الرحمن فاروقی نے بلال کالونی کورنگی دعوت افطار کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نا ظم علاقہ ولی خان شیرانی وذمے داران بھی موجود تھے۔مفتی ضیاء الرحمن فاروقی نے کہا کہ رمضان المبارک عظیم الشان مہینہ ہے اور یہ تمام مہینوں کا سردار مہینہ ہے۔اس ماہ مبارک میں اللہ سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھا اور سمجھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ روزہ خالص اللہ کے لیے ہے وہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے۔روزہ رب سے وفاداری کا نام ہے۔رمضان المبارک کا مہینہ طاغوت کے سامنے کھڑا ہو جانے کا پیغام دیتا ہے۔