مزید خبریں

بھارت کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھے ، ناصر حسین شاہ

کراچی (اے پی پی)صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات شاندار ہیں، سندھ پریمئر لیگ کے میچز یہاں کرانے پر غور کریں گے، سندھ میں کھیلوں کہ مراکز کے قیام کے لیے عارف حبیب سے مشاورت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا ناظم آباد جمخانہ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیا ناظم آباد کے چیئر مین عارف حبیب، سی ای او صمد حبیب، صدر سید محمد طلحہ ، منیجر اسپورٹس محمد آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات بین الاقوامی معیار کی ہیں کرکٹ ، فٹ بال، باسکٹ بال اور فٹ سال کے مرکز بہترین انداز میں قائم کیے گئے ہیں۔ جنہیں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ عید کے بعد سندھ پریمیئر لیگ کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس سے صوبے کے نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عارف حبیب اجازت دیں تو سندھ پریمیئر لیگ کے میچز نیا ناظم آباد میں بھی کرائیں گے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی تنگ نظری ختم کرکے کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم جب چاہے پاکستان آکر کھیل سکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ بھی دیکھا۔ اس سے پہلے چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب نے انہیں نیا ناظم آباد جمخانہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ عارف حبیب نے بتایا کہ نیا ناظم آباد کو اسپورٹس سٹی کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ سوئمنگ پول، ٹینس کورٹ ، اسکواش کورٹ، بیڈمنٹن ہال، اسنوکر ہال، جم، سمیت متعدد اسپورٹس سہولیات جلد شہریوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایات کے کے مطابق یہاں ضروریات پوری کی جارہی ہیں مستقبل قریب میں یہاں انٹرنیشنل میچوں کہ میزبانی بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر عارف حبیب نے ناصر حسین شاہ کو شیلڈ بھی پیش کی۔