مزید خبریں

اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ ، واپڈا سیمی فائنل میں داخل

گوجرہ ( جسارت نیوز) واپڈا نے گوجرہ کو 6-0 سے با آسانی زیر کر کے پہلے آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لائٹس ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، دوسرے میچ میں آرمی نے پنجاب رینجرز کو دل چسپ مقابلے کے بعد 3-2سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری استاد اسلم روڈا میموریل رمضان ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز مزید 2 میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل گوجرہ کی ٹیم کو ٹینس اسکور 6-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان توثیق ارشد اور رومان نے 2،2 جبکہ عبدالرحمان اور رانا وحید نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ہاف ٹائم تک پاکستان واپڈا کو 4-0سے برتری حاصل تھی،اس میچ کے مہمان خصوصی صابر گجر فرام ہانگ کانگ اور انٹر نیشنل عرفان سینئر تھے ۔گوجرہ کے زمان گجر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آرمی اور پنجاب رینجرز کے درمیان کھیلا گیا دوسرا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں آرمی نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی سمیٹی۔کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا، پہلے کوارٹر میں پنجاب رینجرز نے تیسرے منٹ میں ہی پنالٹی کارنر پر فرحان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی،صرف چار منٹ بعد آرمی کے مہران نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا،ہاف ٹائم تک یہی اسکور رہا، تیسرے کوارٹر میں پاکستان آرمی کو 42ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملا جس پر مزمل حق نے گول کر کے ایک بار پھرآرمی کو سبقت دلادی،تیسرے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان آرمی2-1سے برتری لئے ہوئے تھی ، چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے مزید تیز اور جارحانہ ہاکی کھیلی،پنجاب رینجرز نے 56ویں میں رحمان کے گول کی بدولت مقابلہ2-2سے برابر کر دیا،تاہم اس کے بعدآرمی کے تابڑ توڑ حملوں کے نتیجے میں 58ویں منٹ میں اسے پنالٹی اسٹروک ملاجس پر عماد نے میچ کا فیصلہ کن گول اسکور کر کے پاکستان آرمی کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلائی۔ پنجاب رینجرز کے احمر علی کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ایونٹ کے چوتھے روز مزید 3 میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میچ میں پاکستان نیوی کا مقابلہ پولیس سے،ماڑی پیٹرولیم کا کسٹمز سے اور واپڈا کا مقابلہ پنجاب رینجرز سے ہوگا۔