مزید خبریں

شہر کی ترقی اور خوشحالی باڈہ تحصیل سے مطروط ہے،تعلقہ موومنٹ

باڈہ (نمائندہ جسارت) پی پی کی مسلسل 15 سال کے دورِ حکومت میں لاڑکانہ ضلعے کے دوسرے بڑے شہر باڈہ کو تحصیل کا درجہ نہ مل سکا شہری مسلسل 4 سالوں سے سراپا احتجاج بنے ہوئے۔ باڈہ کو تحصیل کا درجہ دلانے کے لیے باڈہ تعلقہ موومنٹ ڈپٹی کنوینر کامریڈ قادر بروہی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شہریوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھائے باڈہ پریس کلب سے ٹاؤن ہال تک ریلی نکال کر باڈہ تحصیل کے حق میں زوردار نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں باڈہ شہر کی سیاسی سماجی علمی ادبی صحافتی اور کاروباری تنظیموں کے رہنماؤں علی انور عسکری، نور احمد ہیسبانی، محمد علی خشک، اصغر نوناری، ذوالفقار کاندھڑو، قندھار بھٹی، فدا حسین تنیو، جمیل احمد میمن، ہیموں بھٹی، جمال خاصخیلی، بخشل مگسی، میر مرتضیٰ گوپانگ، وقار سندھی، سلیم لوہر، کامریڈ میثم عباس گوپانگ، احمد زہری، نواب پٹھان، مظہر نوشاد پھلپوٹو، محمد امین سیال، مور سندھی، افضل سانبھل، لیاقت چنا، فقیر جلال ساریو، علی زہری، نواب پٹھان، زاہد پٹھان، سرائی سوڈہو اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعے پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 سالوں سے ہر ہفتے احتجاجی مظاہرہ کرکے حکمرانوں کو ان کے کیے ہوئے وعدے یاد دلاتے ہیں جو انہوں نے مختلف اوقات میں باڈہ مکینوں سے کرکے ووٹ لیے تھے اور صاحب اقتدار بنتے ہی وہ باڈہ شہر اور باڈہ مکینوں کو بھول چکے ہیں مگر انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہیے کیونکہ پھر الیکشن آنے والے ہیں اور انہیں باڈہ مکینوں سے ووٹ مانگنے آنا ہے اس لیے اپنی کارکردگی کی بنیاد کو بہتر کریں شہر میں نکاسی اور روڈ کی ناقص مٹیریل سے مرمت کرنا کوئی ترقی نہیں باڈہ مکین سمجھتے ہیں کہ شہر کی ترقی اور خوشحالی باڈہ تحصیل سے منسوب ہے اس لیے باڈہ تحصیل کا نوٹیفکیشن جاری کرکے باڈہ مکینوں میں پھیلی بے چینی ختم کریں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ علاقے کے ایم این اے خورشید احمد جونیجو، ایم پی اے حذب اللہ بگھیو سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ باڈہ مکینوں سے کیے ہوئے وعدے وفا کرکے باڈہ تحصیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں نہیں تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔