مزید خبریں

ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے،پروفیسر محبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشرکرنے اور بے ہودہ پروگرامات کو بندکرنے کاپابند کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے، جس سے معاشر ہ تباہ و برباد ہو رہا ہے، ساراسال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سرپہ ڈوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر ایک نیاروپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین سکھانے لگتے ہیں، ایسے کرداروں کی ہرصورت حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ دینی موضوعات پرجید علماکرام کو مدعو کیاجاناچاہیے تاکہ اسلام کاحقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ تفریح کے نام پر نوجوان نسل کوایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت تباہ و برباد کیاجارہا ہے۔ مٹھی بھرسیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بیس کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانی وفحاشی کے باعث بگاڑ پیدا ہورہے ہیں، حکومت معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لئے فحاشی وعریانی کاسدباب کرے ۔مغربی وانڈین کلچر نے بچوں سے لے کر نوجوانوں تک کوشدید متاثر کیا ہے۔ بے ہودہ ٹی وی پروگرامات اسلامی تہذیب کا جنازہ نکال رہے ہیں اورکوئی پوچھنے والانہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔