مزید خبریں

پی پی کو کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے،اسامہ رضی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وڈیرے جاگیر دار عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کی وڈیرا ذہنیت نے غریبوں کو تباہ کر دیا ہے۔دھاندلی کے ذریعے کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا نہیں پڑنے دیںگے ۔کراچی کو لسانیت کی آگ میں جھونکنے والوں کا اب کوئی کردار نہیں ہے۔کراچی کے حق پر پیپلز پارٹی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیںگے ۔رمضان کا مہینہ ظلم کے خلاف کھڑا ہوجانے کا پیغام دیتا ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ بن رضی نے اللہ والا ٹائون کورنگی میں دعوت افطار کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ناظم علاقہ زبیر ظفر،یوسی چیئرمین کے امیدوار مولانا عبدالواسع ،وائس چیئرمین کے امیدوار منصورفیروزنے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے نائب امیر چودھری سرفراز احمد ،ڈپٹی سیکرٹری سید آصف علی ،سید اورنگ زیب حیدر ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ اسامہ بن رضی نے کہا کہ کراچی کا رنگ تبدیل ہورہا ہے اور کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ اٹھ کھڑاہوا ہے ۔کراچی کے شہری باشعور ہیں اور انہیں اب اپنے اچھے برے کی تمیز ہوچکی ہے ۔پیپلز پارٹی سندھ حکومت کے زور پر کراچی کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہے لیکن جماعت اسلامی کسی قیمت پر کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا نہیںپڑنے دے گی ۔بلدیات کے ضمنی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی ہی کامیاب ہوگی اور حافظ نعیم الرحمن ہی کراچی کے میئر منتخب ہوںگے ۔