مزید خبریں

شام ، امریکی فوج اور ایرانی ملیشیا کی کارروائیوں سے کشیدگی

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی جانب سے مشرقی شام فضائی حملوں میں 11 ایران نواز عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے جواب میں شمال مشرقی شام میں العمر آئل فیلڈ میں امریکی اڈے پر میزائل حملہ کردیا گیا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق ایران نواز ملیشیا المیادین شہر کے قریب 3میزائل داغے جن میں سے 2العمر آئل فیلڈ پر گرے اور تیسرا ایک مکان پر گرا۔ اس سے قبل جمعہ کے روز شام میں امریکی فضائی حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ کارروائی جمعرات کے روز ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر کی ہلاکت کے بعد کی گئی تھی،جس میں 5امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب دونوں جانب سے کارروائی کے بعد امریکا اور ایران میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے ایرانی فضائی حملے کے بعد خبردار کیا ہے کہ امریکی شہریوں کے تحفظ کے لیے طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ جوبائیڈن نے کینیڈا کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ امریکا ایران کے ساتھ تنازع نہیں چاہتا، لیکن اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہر حد تک جائیں گے۔ ادھر ایران نواز ملیشیا نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر شام میں ہمارے مراکز اور فورسز کو نشانہ بنایا گیا تو ہم اس کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں ہمارے کئی جنگجو مارے گئے ،جس کا جواب دیاگیا ہے۔