مزید خبریں

سڑک کی تعمیر روکنے سے متعلق کے الیکٹرک کی اپیل مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کیبل منتقلی کا معاوضہ ادا کرنے تک سڑک کی تعمیر روکنے سے متعلق کے الیکٹرک کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ ہفتے کو سندھ ہائی کورٹ میں سڑک کی تعمیر کے دوران کے الیکٹرک کی زیر زمین کیبلز کی منتقلی کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیبل منتقلی کا معاوضہ ادا کرنے تک سڑک کی تعمیر روکنے کی کے الیکٹرک کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے کے مطابق کے الیکٹرک نے سنگل بینچ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ کے الیکٹرک کی درخواست مسترد کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ درست ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ سندھ حکومت نے عبداللہ کالج سے قلندریہ چوک تک سڑک کی تعمیر شروع کی، کے الیکٹرک کو آگاہی کے بغیر تعمیرات سے زیر زمین کیبلز کو شدید نقصان پہنچا ، کیبلز کی منتقلی کیلیے 39 کروڑ روپے کے اخراجات دیے جائیں۔