مزید خبریں

سیاسی پشت پناہی کا الزام درست نہیں‘گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کسی کو غلط کام نہیں کرنے دیں گے، کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کے علاج اور دیکھ بھال کے حوالے سے مکمل انکوائری ہو گی،سیاسی پشت پناہی کا الزام درست نہیں، انکوائری میں جس کی بھی کوتاہی ثابت ہوئی اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کردی ہے کہ تین یو م کے اندر چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کی دیکھ بھال، غذا اور علاج کے حوالے سے انکوائری کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ ہتھنی کے علاج کے لئے انٹر نیشنل ادارہ فورپا کے ماہرین 4-5 دنوں میں کراچی پہنچ جائیں گے۔وزیر بلدیات کے ہمراہ چڑیا گھر اسی لئے آیا ہوں کہ اگر کہیں کوئی انتظامی کوتاہی ہورہی ہے تو اسے دور کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن، میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ نے چڑیا گھر کی ہتھنی نورجہاں کا معائنہ کیا اور چڑیا گھر کا دورہ کیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ہتھنی نور جہاں کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تحقیق کرنا ہے۔