مزید خبریں

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے سستی روٹی پروگرام کا آغاز کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی نے سستی روٹی پروگرام کا آغاز کر دیا۔سستی روٹی تندورگلشن اقبال کے علاقے اسکاؤٹ کالونی اورمنگھوپیر کے علاقے لیاری 36 اور بلدیہ میں نصب کیے گئے ہیں۔ جہاں شہریوں کو آدھی قیمت پر روٹی میسر آئے گی۔ سستی روٹی تندورکی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معززین علاقہ تھے۔تقریب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما امجد اور مقامی ذمہ دار حافظ عبدالقیوم اور عبدالرحمن سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اوراہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سستی روٹی تندور کے افتتاح کے موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر شہباز عبدالجبار کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا ،مکان کا دعویٰ کرنے والوں نے عوام کے منہ سے لقمہ تک چھین لیاہے۔ ہم دعوؤں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ کردار ادا کرتے ہیں۔ خوراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت کیماڑی ، قائدآباد ، بلدیہ ، گلشن اقبال اور اورنگی میں 7تندور کام کررہے ہیں۔جہاں سے شہری مناسب قیمت پر روٹی سے مستفید ہورہے ہیں۔سستی روٹی تندور کی تعداد50تک بڑھائیں گے۔اور سستے تندور کا دائرہ کارکراچی کے دیگر علاقوں تک وسیع کریں گے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مجد کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بڑھتی ہو ئی لہر نے ہر ایک کو متاثر کیا ہے۔متوسط طبقے کے لیے دووقت کی روٹی کا حصول دشوار ہو گیا ہے۔