مزید خبریں

رمضان بڑی عظمتوں اوربرکتوں والا مہینہ ہے ،معراج الہدیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)روزہ اللہ کیلیے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے ۔رمضان بری عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے ۔رمضان میں بندہ اپنے رب کے قریب ہوجاتا ہے اورروزہ انسان میں تقویٰ کی صفات پیدا کرتا ہے اور اللہ کو تقوی بہت پسند ہے ۔یہ بات نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی علاقہ لانڈھی شرقی کے تحت بابر مارکیٹ لانڈھی ٹوسی ایریا میں سابق یوسی ناظم ناصر انصاری کی رہائش گاہ پر عوامی دعوت افطار سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سیکرٹری عبدالحفیظ ،ناظم علاقہ لانڈھی شرقی عبدالرحمان ،یوسی چیئرمین سرفراز انصاری ،وائس چیئرمین راجا بلال ،ناظم حلقہ جنید انصاری ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ روزہ عظیم الشان عبادتوں میں ایک عبادت ہے اور یہ رب سے وفا محبت ،ایثار ،قربانی کا تقاضا کرتی ہے ۔رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اور 27ویں شب کو قرآن مجید نازل ہوا یہ کتاب لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرتی ہے اور یہ نسخہ کیمیا ہے اس سمجھ کر اور ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے ۔