مزید خبریں

Jamaat e islami

ترک پارلیمان نے فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری دیدی

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ کی پارلیمان نے فن لینڈکی نیٹو میں شمولیت کی منظوری دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق پارلیمان کے خارجہ امور کے کمیشن نے بل کی منظوری دی،جس کے تحت فن لینڈ معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم(نیٹو) میں شمولیت حاصل کرسکتا ہے۔ اس بل کو اب پارلیمان کی جنرل اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جہاں حکمراں جماعت کے ارکان کی اکثریت ہے۔ ادھر صدر اردوان کا کہنا تھا کہ فن لینڈ نے اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے علاحدگی پسندوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی عقائد کی بے احترامی اور قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والی حکومت کی ہرگز حمایت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ ترکیہ کے لیے نئے ایف16 خریدنا اور پہلے سے موجود ایف16 جیٹ کو جدید بنانا بہت ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کی خارجہ تعلقات کمیٹی سے خطاب کے دوران بلنکن کا کہناتھا کہ ہمارے خیال میں نیٹو اتحاد کے لیے ترکیہ کو ایف 16بہت ضروری ہے۔ ترکیہ، یونان یا پھر کسی ا ور نیٹو اتحادی کے بارے میں ہماری کوششوں کا مقصد رکن ممالک کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں ضروری سامان اور ٹیکنالوجی کی فراہمی سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ اسی طرح رکن ممالک کے درمیان کسی بھی اختلاف کی صورت میں مفاہمت کو ترجیح دی جائے گی۔