مزید خبریں

خواتین کے بغیر ترقی ناممکن ہے، فرا زالرحمان

کراچی(کامرس رپورٹر)کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے کہا ہے کہ خواتین کے بغیر ترقی ناممکن ہے، خواتین کو ورک فورس میں شامل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نساء ویمن امپاورمنٹ کمپین 2023 اور کاٹی کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو ایوارڈ سے نوازنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کاٹی سے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، ثروت نسیم شاہ، سابق چیئرمین گلزار فیروز، ایف پی سی سی آئی کی خواتین فرزانہ برنی، سعیدہ بانو، ماہین سلمان، سمیت دیگر خواتین انٹرپرینیورز نے شریک تھیں۔ صدر کاٹی فراز الرحمان نے کہا کہ ماضی کے مقابلے خواتین آج اپنے حقوق سے بخوبی واقف ہیں اور وہ اپنے حق کیلئے آواز اٹھانا بھی جانتی ہیں جو بہت خوش آئند ہے۔ پاکستانی معاشرے اور قانون میں اب خواتین کو ان کے حقوق دئیے جارہے ہیں۔ اسمبلی میں بھی خواتین کے حق میں ایسے قوانین منظور ہوئے ہیں جس سے وہ ایک خود مختار زندگی گزار سکتی ہے۔ فراز الرحمان نے کہا کہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں ہے جہاں خواتین کی نجی، سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے بورڈ میں شمولیت سب سے زیادہ ہے۔