مزید خبریں

رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے،عبدالرحیم اعوان

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے۔رب کریم کی بے پایاں رحمتوں ، برکتوں اور مغفرتوں کو سمیٹنے کا موسم بہار ہے۔ بندہ مومن کیلئے نیکی کرنا آسان بنانے والا اور شیاطین کے قید ہونے کا مہینہ ہے۔ناکام ہیں وہ لوگ جو رمضان المبارک کا مہینہ پائیں اور روزہ و تلاوت قرآن، ذکر و اذکار ، قیام الیل و انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعے محتاجوں اور مسکینوں کی داد رسی کرکے قرب الہی حاصل نہ کرسکیں اور جہنم سے خلاصی و نجات کا پروانہ حاصل نہ کرسکیں۔ افطاری و سحری کے اوقات میں رحمتوں کا نزول مومنوں کیلئے رب تعالیٰ کی طرف سے خصوصی انعام ہوتا ہے۔ رمضان المبارک کے تیس دنوں تک بندگی رب کی خصوصی تربیت بندہ مومن کو پورے سال اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق اور اسکے احکاماٹ کی بجاآوری کیلئے معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریک محنت پاکستان کے نائب صدر و معروف اسکالر عبدالرحیم اعوان نے تحریک محنت ضلع میرپورخاص کے تحت ضلعی آفس میں استقبال رمضان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔استقبال رمضان کی تقریب سے نائب صدر تحریک محنت سندھ نیاز درانی ، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان ،صدر تحریک محنت ضلع میرپورخاص نعیم الدین عمر نے بھی خطاب کیا۔عبدالرحیم اعوان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندہ مومن کیلئے ایک خاص انعام شب قدر کی صورت میں حاصل ہوتی ہے۔اسی شب قدر کے بارے میں نبی کریم ﷺنے اہل ایمان کو خاص تاکید فرمائی کہ وہ اس مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرکے اللہ تعالیٰ کی رضا اور ہزاروں مہینوں کے برابر عبادات کا اجر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ استقبال رمضان کی تقریب میں مفتی تحسین احمد منصوری نے خصوصی دعا کروائی۔