مزید خبریں

شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی نہیں ہورہی ہے ،جاوید میمن

سکھر(نمائندہ جسارت ) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود آج تک شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی بھی نہیں ہوسکی، لب دریا آباد ہونے کے باوجود شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جوکہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی بدترین نااہلی ہے شہرمیں پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے شہری دور دراز علاقوں سے ہاتھوں میں برتنے اٹھائے پانی کی تلاش میں دربدر نظر آرہے ہیں، جبکہ شہر سے منتخب نمائندے اور انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، حکومت فوری طور پر سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں پینے کے پانی کے بحران کا نوٹس لیکر شہریوں کو مسلسل صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میںمختلف علاقوں سے آنیوالے شہریوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، مفتی محمد چمن زمان قادری و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزیدکہنا تھا کہ شہر بھر میں قلت آباد کی وجہ سے شہری شدید پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار ہیں، سکھر میونسپل کارپوریشن عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، گزشتہ کئی یوم سے شہر میں پینے کے پانی کا بدترین بحران ہے لیکن شہر کے منتخب نمائندے اور انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف ایوانوں کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں، جنہیں شہریوں کے بڑھتے ہوئے مسائل و پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔