مزید خبریں

زمان پارک سے کوئی بندہ ایسا نہیں پکڑا جو بے گناہ ہو،آئی جی پنجاب

لاہور(نمایندہ جسارت) نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمان پارک کے سرچ وارنٹ لے کر آئے اور آمد سے قبل پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو آگاہ کردیا تھا لیکن پھر بھی مزاحمت کی گئی، ہم نے کوئی بندہ ایسا نہیں پکڑا جو بے گناہ ہو، سب کو اے ٹی سی کورٹ میں پیش کریں گے۔عامرمیرنے کہا کہ پولیس اسلام آباد جو وارنٹ لے کر آئی تھی اس کی تکمیل کی کوشش کی گئی لیکن اس دوران شدید مزاحمت کا سامنا رہا، پولیس اہل کاروں پر پیٹرول بم اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا، اس دوران ورکرز نے کروڑوں کی املاک کا نقصان کیا، ہم نے 24 گھنٹوں سے زیادہ وہاں ڈیوٹی کی لیکن اس سب کے دوران ہماری طرف سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم اور پی ایس ایل میچ کی وجہ سے آپریشن روکا تھا، آپریشن روکنے کے بعد پیشیوں کا سلسلہ شروع
ہوا، پیشی کے دوران عدالت نے واضح کہا کہ قانونی کارروائی کو نہیں روکا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ اسی حوالے سے پنجاب پولیس نے ایک ایکشن لیا تاکہ زمان پارک جو نوگو ایریا بنا ہوا تھا وہاں معاملات ٹھیک ہوسکیں،آپریشن کے دوران اسلحہ اورپیٹرول بم برآمد ہوئے ہیں،میڈیا کو اسلحہ اورپیٹرول بم دکھاتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم نے وہ جگہ بھی دیکھی جہاں پیٹرول بم تیارکیے جارتے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عدالت نے سرچ وارنٹ جاری کیا اور کلیئر کیا کہ یہ ہمارا قانونی فرض ہے کہ ہم تفتیش میرٹ پر کریں، ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد، اسپیشل برانچ کی رپورٹ، انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ان لوگوں کی رپورٹ مرتب کی جو مختلف علاقوں سے آتے ہیں اور شر پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لیڈی پولیس کے ساتھ وہاں گئے اور لوگوں کو گرفتار کرنا شروع کیا گیا جس پر وہاں ہمیں مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا، کوئی ایسا شخص نہیں پکڑا جو بے گناہ ہو، ہم انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کریں گے۔