مزید خبریں

امریکا پاکستان موسمیاتی وماحولیاتی ورکنگ گروپ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ریاستہائے متحدہ امریکا اور پاکستان کے درمیان موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے اجلاس کا دوسرا مرحلہ 16مارچ 2023ء کواسلام آباد میں اختتام پذیر ہوا۔پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور امریکی محکمہ خارجہ کی معاون وزیر خارجہ برائے سمندری ،بین الاقوامی ماحولیاتی اور سائنسی اْمور مونیکا مدینا نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ اجلاس کے دوران حکام اور ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی، پانی کے انتظام و انصرام، موسمیاتی طور پر حساس زراعت، آب وہوا کے معیار، حیاتیاتی تنوع اور کچرے کے بندوبست بشمول پلاسٹک کو کارآمد بنانے سمیت دیگر موسمیاتی اور ماحولیاتی معاملات کا بھی احاطہ کیا۔ وفود نے پاکستان میں2023ء کے تباہ کْن سیلاب کے اثرات کا جائزہ لیا اور زور دیا کہ موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کی استعداد میں اضافہ کرنا کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر دونوں مْلکوں کے حکام نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موسمیاتی بحران کا مقابلہ موسمی تغیرات کو کم کرنے اور انہیں موافق بناتے ہوئیباہمی تعاون کے ذریعہ کیا جائے گا۔دونوں حکومتوں نے امریکہ۔پاکستان ’’ سبز اتحاد’’ لائحہ عمل کے توسط سے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے سلسلہ کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سبز اتحاد لائحہ عمل حال اور مستقبل کی موسمیاتی، ماحولیاتی اور معاشی ضروریات سے نبرد آزما ہونے میں امریکا اور پاکستان کا معاون ثابت ہوگا اور دونوں ممالک زراعت، پانی اور شفاف توانائی کے شعبوں میں شراکت پر خصوصی توجہ مرکوز کر سکیں گے۔ زراعت کے حوالہ سے وفود نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف بحالی کے لیے کاشت کاری کے جدید طریقوں کو اختیار کرنے اور جدت پر مبنی بیج کی اقسام متعارف کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پانی کے انتظام و انصرام پر تبادلہ خیال کیا۔