مزید خبریں

بزنس کمیونٹی کی آواز ایوانوں تک پہنچانے میں میڈیا کا کردار اہم ہے ، فراز الرحمان

کراچی ( کامرس رپورٹر) کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے صدر سعید سربازی کا کہنا ہے کہ کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)اور کے پی سی کے اشتراک سے معاشی بہتری کیلئے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔سیمینارز میں اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرکے پاکستان کے معاشی مسائل اور ان کے حل پر ڈائیلاگ کرکے تجاویز حکومت کو دی جائیں گی، جس سے معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں کراچی پریس کلب کے عہدیداران اور جنرل باڈی ممبرز کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں کاٹی کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلی زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، قائمہ کمیٹی برائے پریس اینڈ میڈیا کے چیئرمین سید جوہر علی قندھاری، سابق صدر طارق ملک، کراچی پریس کلب کی جنرل سیکریٹری شعیب احمد، نائب صدرمشتاق سلیم، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان،ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو، رمیز وہرہ، کلثوم جہاں، ذوالفقار راجپر، ذوالفقار وہوچو و دیگر موجود تھے۔ سعید سربازی نے مزید کہا کہ صحافی عوامی مسائل، معیشت اور ملک میں جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے آواز بلند کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صحافیوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہزاروں کی تعداد میں صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ اس کے علاوہ اداروں میں صحافیوں کو تنخواہوں سے محروم رکھا جاتا ہے۔ صدر کے پی سی نے کہا کہ صحافی تو معاشرے کے مسائل پر آواز اٹھاتا ہے لیکن صحافی کے حق میں آواز اٹھانے والا کوئی نہیں۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر فرازالرحمان نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی آواز اعلی ایوانوں اور حکمران طبقہ تک پہنچانے میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔ میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے، عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کا سہرا میڈیا کے سر جاتا ہے۔