مزید خبریں

اسٹاک مارکیٹ میں کا روباری اختتام منفی زون میں ہوا

کراچی(کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روزجمعرات کو بھی کاروبارحصص اتار چڑھائو کا شکار رہا اور مارکیٹ کا اختتام منفی زون میں ہوا،مارکیٹ سرمائے میں33ارب روپے سے زائد کی کمی ہوگئی البتہ کاروباری حجم بدھ کی نسبت اعشاریہ06فیصد زائد رہا۔جمعرات کو شیئرز مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا اور کاروبار میں تیزی کے سبب انڈیکس250پوائنٹس کے اضافے سے42100کی سطح کو عبور بھی کرگیا لیکن ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست خارج ہونے اورناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رہنے کی خبروں سے سرمایہ کاروں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لئے بلکہ اپنے پاس موجود شیئرز منافع ملنے پر فروخت کرنا شروع کردیئے جس کی وجہ سے انڈیکس233پوائنٹس خسارے پر چلا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پرمنفی کی شدت میں معمولی کمی ہوئی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو ٹیلی کام ،سیمنٹ،پراپرٹیز،کمیونیکیشن سمیت دیگر کمپنیوں کے حصص میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ42 ہزار123 پوائنٹس تک پہنچ گئی تھی تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر شیئرز کی فروخت کے دبائو کے سبب انڈیکس41600پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا ۔