مزید خبریں

ایگری کنیکٹ کانفرنس 16 مارچ کو منعقد ہوگی

کراچی( کامرس رپورٹر )زرعی شعبہ کی ترقی اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک روزہ کانفرنس ”ایگری کنیکٹ 2023” آج جمعرات کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں زرعی شعبہ کے ساتھ فنانشل سیکٹر، بینکنگ، انشورنس، فوڈ پراسیسنگ، ایگری ٹیک کمپنیاں اور پبلک سیکٹر ادارے بھی شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران زرعی شعبہ کو درپیش چیلنجز کے ساتھ اس شعبہ کو ترقی دینے کے لیے حکمت عملی، سرمایہ کاری کے امکانات اور زرعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے زریعے پاکستان کے تجارتی خسارہ میں کمی کے لیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ کانفرنس کا انعقاد پاکستان ایگری کلچر کونسل کے تحت کیا جارہا ہے۔ کونسل کے اسٹریٹیجی ایڈوائزر کاظم سعید نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبہ کا منظرنامہ یکسر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جو تحقیق و جستجو اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس زرعی شعبہ کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ایک موثر اور مربوط پلیٹ فارم مہیا کرے گی تاکہ زرعی شعبہ کی ترقی کے عمل کو فروغ دیا جاسکے۔ ایگری کنیکٹ 2023 کے موقع پر زراعت سے متعلق اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے ماہرین پر مشتمل کانفرنسز بھی منعقد ہوں گی۔