مزید خبریں

مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے‘ شکیل شیخ

نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ، سینئر نائب صدر قاسم جمال، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر، حیدرآباد زون کے سینئر نائب صدر مبین راجپوت، جنرل سیکرٹری اعجاز حسین انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ نے اپنے مشترکہ بیا ن میں کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی بحران سے گزر رہا ہے جس کی ذمہ دار ماضی اور حال کے حکمران ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں اور مزدوروں کا جینا محال ہو گیا ہے، جب کہ حکمرانوں کی شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ میں کمی کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ جبکہ حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے معیشت تباہ ہو چکی ہے جس کی سزا عوام بھگت رہی ہے جب کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جو کہ روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر بر سر اقتدار ہے مگر سندھ کے ہاری اور محنت کشوں کے علاوہ غریب عوام کی زندگی اجیرن ہونے پر اس حکومت کی طرف سے عوام کو کوئی بہتری کے امکان نظر نہیں آرہے۔ جس کی مثال یہ ہے کہ سندھ کے بلدیاتی اور ترقیاتی اداروں میں ہزاروں ملازمین عرصہ دراز سے ورک چارج اور
کنٹریکٹ پر ملازم ہیں مگر آسامیاں خالی ہونے کے باوجود ان کو مستقل نہیں کیا جا رہا بلکہ ان ملازمین کو 10ہزار اور 15ہزار روپے تنخواہیں کی ادائیگی کی جار ہی ہے۔ حکومت سندھ نے کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے ماہانہ مقرر کی ہے مگر ان اداروں کے علاوہ سندھ کی 80فیصد سے زائد فیکٹریوں اور صنعتوں میں 10سے15ہزار روپے ماہانہ تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں جس پر متعلقہ اداروں کو بار بار توجہ دلانے کے باوجود کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے تمام ملازمین کی تنخواہوں ،پنشن میں اضافہ کیا جائے اور ورک چارج کنٹریکٹ ملازمین کو جلد سے جلد ریگولر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔