مزید خبریں

حیدر آباد ، محکمہ ایری گیشن میں ہیوی مشنری چوری

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) اندھیر نگری، چوپٹ راج محکمہ ایری گیشن مکینیکل سرکل کی اسٹور سب ڈویژن نمبر 2 جامشورو میں کروڑوں روپے مالیت کی ہیوی مشینری/پارٹس کی چوری ہونے کا انکشاف،معاملے کو دبانے کی کوشش۔ ملوث افسران کو بچانے کے لیے چھوٹے ملازمین کے خلاف کارروائی، چوری کی نشاندہی کرنے والے عملے کا تبادلہ کرنا شروع کردیا۔چوکیداروں کی تنخواہیں روک کر انہیں فاقہ کشی پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ایپکا نے ملازمین کے خلاف بے جا کاروائی اور چوری میں ملوث اصل ملزمان کے بجائے چھوٹے ملازمین کو ہراساں کرنے۔تنخواہیں روکنے کے خلاف ڈائریکٹر جنرل نیشنل اکاؤنٹبیلٹی بیورو سندھ کو خط لکھ دیا۔ جس میں کروڑں روپے مالیت کے ہیوی مشینری پارٹس چوری کرنے میں ملوث ملزمان کے ناموں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ایری گیشن اسٹور سب ڈویژن نمبر 2 جامشورو میں ہیوی مشینری/پارٹس چوری ہونے کی نشاندہی کرنے اور اس کے خلاف آواز اُٹھانے والے افراد کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے تبادلے کرنے کے ساتھ ساتھ تنخواہیں روکی اور ملازمت سے برطرف کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد ملازمین سے ماہانہ فی کس 5 ہزار روپے بھتا لیا جاتا ہے اورملازمین کو گھر بیٹھے تنخواہ دی جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایری گیشن مکینیکل سرکل کی اسٹور سب ڈویژن 2 جامشورو میں افسران کی مبینہ ملی بھگت سے کروڑوں روپے مالیت کے ہیوی مشینری/ پارٹس چوری کر لیے گئے۔جس کی نشاندہی کرنے والے عملے کو افسران کی جانب سے ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بناتے ہوئے سندھ کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کیے جارہے ہیں اور زبان بندی نہ کرنے کی صورت میں ملازمت سے برطرف کرنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید غم و غصہ اور تشویش پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیوی مشینری / پارٹس جس جگہ پر رکھے گئے تھے اس کی چابیاں اسٹور کیپرز کے پاس بتائی جاتی ہیں،جبکہ اسٹور کی نہ تو کوئی کھڑکی اور نہ ہی دیوار ٹوٹی ہوئی ہے جبکہ اسٹور پر سرکاری سیل موجود ہونے کے باوجود کروڑں روپے مالیت کی ہیوی مشینری/ پارٹس کا اس طرح چوری ہوجانا افسران کی کارکردگی پر بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی مشینری / پارٹس چوری کی تحقیقات مکمل ہونے اور ملوث افسران کا تعین ہونے سے پہلے ہی سب انجینئر آفتاب عالمانی نے چھوٹے ملازمین کو قربانی کا بکرا بناتے ہوئے بینک سے چوکیداروں کی تنخواہیں بند کراکر غریب ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچا دی ہے اور اس صورتحال سے چوکیداروں کے اہل خانہ شدید اذیت اور مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ذرا ئع کے مطابق ہیوی مشینری/ پارٹس کی چوری میں ملوث اصل ملزمان کو بچانے کی سرتوڑ کوشش اور تحقیقات کا رخ موڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ضمن میں ایپکا ملازمین کے حق میں میدان میں موجود ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید ہوشرباء انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔