مزید خبریں

حیدرآباد :طلبا ء یونین کی بحالی کیلیے پروگریسو اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پروگریسو اسٹوڈنٹس فیڈریشن حیدرآباد کی جانب سے طلبا ء یونین کی بحالی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکال کر مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت فیڈریشن سندھ کے صدر کامریڈ جے کمار،سنجا چنا، رحمت تنیو، کامران سومرو اور دیگر کر رہے تھے، ریلی میں شریک طلباء ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اُٹھائے تعلیمی اداروں میں طلباء یونین کو بحال کرنے کے لیے نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والے طلبا یونین بل پر عملدرآمد کر کے طلباء یونین کے الیکشن کرائے جائیں اور تعلیمی اداروں میں مفت معیاری تعلیم سمیت جدید سائنسی اور سیکولر نصاب نافذ کیا جائے۔ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا ء کو بنیادی سہولیات ہاسٹل، ٹرانسپورٹ اور خوراک کی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ہراسمنٹ کرنے جیسے واقعات پر قابو پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں لائبریریاں قائم کرکے جعلی ڈومیسائلوں کی انکوائری کرا کر جعلی ڈومیسائل منسوخ کر کے غریب اور مزدور طلباء کو اسکالر شپ دی جائے ۔