مزید خبریں

بینظیر قتل کیس کی اپیلیں ساڑھے 5 برس بعد سماعت کیلئے مقرر

لاہور(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو قتل کیس کی 8 اپیلیں 5 سال کے بعد لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تشکیل دیے گئے خصوصی ڈویژن بینچ میں جسٹس مرزا وقاص اور جسٹس چودھری عبدالعزیز شامل ہیں جو اپیلوں پر سماعت (آج) جمعرات کو کریں گے۔ حکومت نے بے نظیر قتل کیس کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جبکہ سزا کے خلاف پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کی اپیل پر بھی سماعت ہوگی، دونوں پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد ضمانت پر ہیں۔ دونوں کو 17، 17 سال قید اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، ملزمان کی سزائیں بڑھانے کے لیے آصف زرداری کی اپیل بھی سنی جائے گی۔ عدالت کی جانب سے آصف زرداری بری ہونے والے ملزمان مرحوم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور سزا یافتہ پولیس افسران کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں‘ پرویز مشرف اس کیس میں اشتہاری ہیں تاہم ان کی وفات کے بعد ان کے خلاف اپیل خارج ہونے کا امکان ہے۔