مزید خبریں

مشترکہ اجلاس:اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل منظور

اسلام آباد (اے پی پی)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے علاقہ دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت (ترمیمی) بل 2022کی منظوری دیدی۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے تحریک پیش کی کہ علاقہ دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت (ترمیمی) بل 2022زیر غور لایا جائے۔ یہ بل قومی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے منظور کیا گیا جبکہ صدر مملکت کی جانب سے واپس ارسال کر دیا گیا تھا۔ پارلیمنٹ نے بل کو زیر غور لانے کی منظوری دی جس کے بعدا سپیکر قومی اسمبلی نے بل کی شق وار منظوری حاصل کی۔ اس دوران سینیٹر رانا مقبول احمد نے یکے بعد دیگرے چیئرمین اور میئرز کے الیکشن براہ راست کرانے کے حوالے سے بل کی شق 3حذف کرنے کے لئے ترمیم پیش کی جس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترمیم کی مخالف نہیں کی۔ اس طرح پارلیمنٹ نے بل کی شق 3 حذف کرنے کے حوالے سے منظوری دیدی۔ رانا مقبول احمد نے بل کی شق 4 کو بھی حذف کرنے کی ترمیم پیش کی۔ جس پر وزیر قانون کی آمادگی پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بل کی شق 4 کو بھی حذف کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ اس طرح بل کی یہ شق حذف کرنے سے اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد نہیں بڑھے گی۔ بعد ازاں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔