مزید خبریں

کراچی ، کوئٹہ میں ا لیکشن‘221 امیدواروں کے کاغذات جمع

کراچی/ کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت) کراچی اور کوئٹہ میں ضمنی انتخابات کے لیے221 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ تفصیلات کے مطابقکراچی میں قومی اسمبلی کے9 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا، مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور آزاد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن کی مجموعی تعداد 189 ہے۔ امیدواروں میں ایم کیو ایم کے مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر صغیراحمد ،عبدالرائوف صدیقی، شیخ صلاح الدین ، سید حفیظ الدین، فیاض قائم خانی، شبیر قائم خانی، تحریک انصاف کے علی حیدر زیدی، سیف الرحمن، عطا اللہ، اسلم خان، نجیب ہارون، آفتاب جہانگیر، عالمگیر خان، آفتاب صدیقی جبکہ پیپلز پارٹی کی شہلا رضا، شاہدہ رحمانی، فیضان راوت، اقبال ساند، اسد عالم نیازی، خواجہ سہیل منصور اور مسلم لیگ (ن) کے محمد جمیل نمایاں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 3 دنوں میں مجموعی طور پر 189 امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے8 فروری کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی۔9 فروری کو (آج) امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی اور کاغذات کی جانچ پڑتال 13 فروری کی جائے گی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پر ضمنی الیکشن کے لیے 32 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے۔ الیکشن کمیشن بلوچستان کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، پی ٹی آئی کے رہنما قاسم سوری، پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک ، ایچ ڈی پی کے محمد رضا، پی ایم ایل این کی راحیلہ درانی و دیگر شامل ہیں۔