مزید خبریں

اسلامی جمعیت طلبہ کے 70 ویں اجتما ع ارکان پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا پیغام

سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان
میرے لئے یہ انتہائی مسرت کا موقع ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا سترواں اجتماع برائے اراکین کراچی میں منقد ہورہا ہے جس میں نئےویں ناظم اعلی کا انتخاب ہوگا۔
بانی جماعت اسلامی پاکستان مولانا سیدابوالاعلیٰ مودودی ؒ کی ہدایت پر چند طلبہ نے 1947ء میںاسلامی جمعیت طلبہ کی بنیاد رکھی،جو آج پاکستان ہی کی نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی نمائندہ طلبہ تنظیم بن گئی ہے ۔آج پاکستان کی کوئی یونیورسٹی یا کالج ایسا ہو جس میں جمعیت موجود نہ ہو ۔
طلبہ نہ صرف مستقبل کی قیادت ہوتے ہیںبلکہ کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں ۔ بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے طلبہ کو وطنِ عزیز کا ’’معمار ‘‘ قرار دیاتھا۔ ایثار و قربانی اور اخلاص کی شاہکار اسلامی جمعیت طلبہ سے ہی یہ امید باندھی جاسکتی ہے کہ وہ سید مودودیؒ کے افکار اور قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ملک و ملت کی کشتی کو کامیابی سے ہمکنار کرے اور عزم و یقین کے ساتھ طلبہ کی راہنمائی کا فریضہ انجام دے سکے ۔
وطن عزیز اس وقت جن بحرانوں سے دوچار ہے اورجس طرح پاکستان کے نظریاتی تشخص کومسخ کرنے کے لیے نسل نو کے ذہنوں سے امت واحدہ کا تصور کھرچ دینے کی جو گھنائونی سازش کی گئی ہے، اس کو ناکام بنانے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کا وجود بہت بڑی نعمت ہے ۔
اسلامی جمعیت طلبہ بلاشبہ ملک و ملت کا وہ اثاثہ ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر بجا لایا جائے ، کم ہے ۔ ملک و ملت کو جب اور جہاں بھی ضرورت پڑی ، اسلامی جمعیت طلبہ کے لاکھوں کارکنوں نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیاہے اور نظریاتی سرحدوں کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سرحدوں کا بھی بھر پور دفاع کیا ۔نظریاتی و قومی وحدت، ملکی سلامتی ، یکجہتی ،آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کی گرانقدر خدمات کا قوم نے ہمیشہ اعتراف کیاہے ۔ اب بھی جمعیت کو یہ کردار مزید جرأت و بہادری سے انجام دینا ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ میری اور میرے جیسے لاکھوں پاکستانیوں کی محسن ہے ۔اس تنظیم نے ہمیںہمیشہ اپنے خالق و مالک کی اطاعت گزاری سکھائی ہے، نبی مہرباں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کو اپنے لیے نمونہ بنانے کی ترغیب دی ہے اور ایک عظیم الشان اسلامی جمہوری اور خوشحال پاکستان تعمیر کرنے کا شعور دیا ہے ۔ الحمدللہ علیٰ ذالک!
میری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اسلامی جمعیت طلبہ کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اس کے کارکنان کو اسلام اور ملک و ملت کی خدمت کے بہترین مواقع اور توفیق عطا فرمائے، آمین ۔