مزید خبریں

جھڈو: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم

جھڈو(نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 300سیلاب متاثرین میں مقامی ہال میں راشن تقسیم کیا گیا اور 80 خاندان کو فی کس 5 ہزار روپے نقد دے کر ان کی مالی مدد کی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب امیر احسان اللہ وقاص تھے۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ راشد مکرم،الخدمت جھڈو کے صدر اظہر جمیل آرائیں،ڈاکٹر شمشاد علی اور محمد عمر خان بھی موجود تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو کے صدر اظہر جمیل آرائیں نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ جھڈو اور نواحی علاقوں کے سیلاب متاثرین کے لیے 2 ماہ سے الخدمت کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،جھڈو میں 80ہزار سیلاب متاثرین کو 2 ماہ تک کھانا فراہم کیا گیا، 8 لاکھ لیٹر صاف پانی اور ایک ہزار خاندانوں میں راشن فراہم کیا جاچکا ہے، الخدمت خیمہ بستی میں 2 ماہ سے کھانا،پانی سمیت تمام بنیادی ضروریات فراہم کی جارہی ہیں، الخدمت فری ڈسپنسری ڈاکٹر شمشاد کی قیادت میں 2 ماہ سے فعال ہے۔مہمان خصوصی سید احسان اللہ وقاص نے کہاکہ تمام لوگ اللہ کی مخلوق ہیں،مخلوق خدا کی خدمت ہمارا شعار ہے، الخدمت بلاامتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے۔