مزید خبریں

ٹنڈو محمد خان:ضلعی انتظامیہ کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی

ٹنڈو محمد خان(نمائندہ جسارت)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں یوم سیاہ منایا گیا۔ ریلی اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو محمد خان آفتاب علی بوزدار کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر آفس سے پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں ضلع کے بیشتر اداروں تعلیم، روینیو، صحت، اطلاعات، غیر سرکاری تنظیموں سمیت اساتذہ ، طلبہ ، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شرکت کرنے والوں نے کشمیر پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آفتاب بوزدار اور ضلع عملداروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بننے سے لے کر اب تک بھارت اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہ کرسکا اور کشمیریوں کی نسل کشی کرتا رہا ہے،جس کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عزم کرتے ہیں کہ اپنے کشمیری بھائیوں کا ہر دکھ سکھ میں بھرپور ساتھ اور انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑ یں گے۔