مزید خبریں

بدین:کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی ،رینجرز کے زیراہتمام واک

بدین(نمائندہ جسارت) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یوم سیاہ کے موقع پر پاک رینجرز تھر 32 ونگ کے زیراہتمام واک، شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت بھارتی ظلم جبر کے خلاف شدید نعرے بازی۔بھارتی مودی سرکار اور بھاتی افواج کے ظلم جبر کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر پاک رینجرز تھر 32 ونگ کے زیراہتمام ہونے والی واک میں رینجرز اور بدین انتظامیہ کے افسران اور جوانوں کے علاوہ معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اللہ والا چوک سے شروع ہونے والی واک کے شرکاء نے شہر بھر کا گشت کیا اور واک پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کے خلاف نعرے درج تھے۔ کشمیری مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی واک کے شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر لڑ رہا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ واک یہ پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔