مزید خبریں

کندھکوٹ:کشمیریوں سے یکجہتی کیلیے یومِ سیاہ منایا گیا

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لیے یومِ سیاہ جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، متعلقہ شعبہ جات اور شہریوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے، کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور بھارت کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف نعرے لگائے۔ پاکستان اور کشمیر کا پرچم بھی لہرایا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ اور شہ رگ ہے جسے حاصل کر کے رہیں گے ،کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور دیگر شرکاء نے کہا کہ ریلی میں شریک لوگوں نے یکجہتی کر کے ثابت کردیا کہ ضلع کشمور ایٹ کندکوٹ کی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ بھارت نے کشمیری عوام اور کشمیر پر ظلم کی انتہا کر دی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شرکاء نے کہا کہ مودی ظالم انسان ہے جس نے کشمیریوں پر بہت ظلم ڈھائے ہیں، قوم بھارت کو ناپاک ارادوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔