مزید خبریں

عوام نجی کے بجائے سرکاری اسپتالوں میں علاج کرائیں ،مقررین

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر میں پیدائشی طور پر کمر میں نقص اور بڑے سر والے بچوں کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں آج لمس کے نیرو سرجری شعبے کی جانب سے لمس اسپتال حیدرآباد کے سیمینار ہال میں ایک روزہ عوامی آگاہی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے ضلع صحت آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالہ جعفر نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز میں اس مرض کے خصوصی کائونٹرقائم کیے گئے ہیں جہاں اس مرض کی تشخیص، علاج اور بچائو کے ضمن میں خدمات مہیاکی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ اسپتالوں میں تمام سہولیات دستیاب ہیں لہذا عوام کو بھی چاہیے کہ وہ نجی اسپتالوں میں علاج کرانے کے بجائے سرکاری اسپتالوں میں آئیں۔اس موقع پر لمس اسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمن/فنانس ڈاکٹر عبدالستار جتوئی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال حیدرآباد کراچی کے بعد سندھ کا بڑا اسپتال ہے جہاں 18 ہزار سے زائد مریضوں کی اوپی ڈی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام امراض کے شعبہ جات قائم ہیں جہاں پر سندھ بھر کے مریضوں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔اس موقع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیروسرجری شعبے لمس کے چیئرمن ڈاکٹر ریاض احمد راجا نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ سیمینار سے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر محمد حامد علی نیرو سرجن نے سیمینار کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آگاہی سیمینار اور ڈپارٹمنٹ آف نیرو سرجری کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ سیمینار سے پروفیسر روشن آرا قاضی، پروفیسر راحیل سکندر،پروفیسر نند لعل کیلااور دیگر نے خطاب کیا اور موضوع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حاملہ خواتین کی غذا کا خصوصی خیال رکھنے اور فولک ایسڈ گولی کا باقائدگی سے استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔