مزید خبریں

القصیم: پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے کی 75 ویں یوم آزادی کی تقریب

سعودی عرب کے سر سبز شہر القصیم میں پاکستان کی پچہترویں یوم آزادی منانے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی عہدیداروں سمیت کمیونٹی اکابرین نے شرکت کی۔ عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن القصیم ریجن کے صدر شہباز مغل نے تحریک پاکستان اور تحفظ پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول پاکستان کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تعمیر پاکستان کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں و توانائیوں کو بروئے کار لانے کا پختہ عزم کرنا ہو گا۔ تاکہ آئندہ آنی والی نسلوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان منتقل کر سکیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن القصیم ریجن کے انفارمیشن سیکرٹری ارشد علی غوری نے کہا کہ آج پاکستان شہداء کی امانت، علامہ محمد اقبال کا خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کا حاصل ہے۔ ہمیں اپنے بانیان کی قربانیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب میں چوہدری ریاست، چوہدری طاہر، عبدالستار مغل ، محمد ندیم ، محمد بلال وحید بلون، یوسف خان، نوید مغل اور دیگر نے بھی شرکت کر کے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملی نغمے گا کر پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہارکیا۔
تقریب کے آخر میں پاکستان کی پچہترویں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا