مزید خبریں

دمام میں پاکستان اوورسیزکمیونٹی زیراہتمام 75 ویں یوم آزادی کی تقریب

اس سال پاکستانی قوم اپنے 75ویں یوم آزادی کی تقریبات روایتی جوش اور آزادی کے جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس پرمسرت موقع پر پاکستان اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام دمام میں ایک خوب صورت اور رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی
اس تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور تھے۔ ان کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی کا بنیادی مقصد نظریہ پاکستان کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔ تقریب کا سب سے زیادہ منفرد جز پاکستان کے تمام صوبوں کی علاقائی ثقافت کے بھرپور رنگوں کی نمائش کرنے والے پویلینز پرمبنی تھا جو مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔سفیر پاکستان نے تمام پویلینز کا دورہ کیا اور ایلیٹ گیسٹ بک میں خصوصی طور پرسندھ پویلین کے حوالےسے ستائشی تاثّرات قلم بند کئے اور تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔ کلب کےاراکین اسد علی حسن، عمر نیازی، ہارون احمد نے انہیں روایتی سندھی اجرک، سندھی ٹوپی اور اعزازی سند بطور تحائف پیش کیا۔
پاکستان اوور سیز کمیونٹی کے صدر جواد علی نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کو دوسرا گھر قرار دیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کی ترقی کے لیے کوششیں کرنی ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں اور معاون تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پاکستانی اوور سیز کمیونٹی کی طرف سے تمام سپانسرز اور معاون تنظیموں کو اعزازی اسناد دی گئیں۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے روایتی کیک کاٹ کر کیا گیا۔