مزید خبریں

مغربی کنارے میں فلسطینی نوجوان شہید ،3زخمی

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے صبح سویرے چھاپوں کے دوران فلسطینی نوجوانوں نے مزاحمت کی ،جس میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت کے دوران 3فلسطینی زخمی ہوئے۔ مغربی کنارے کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ بلاطہ سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ وسیم خلیفہ کو اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب آبادکاروں کا ایک گروپ مزار یوسف پر شرانگیزی کے لیے آیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے فائرنگ کی جس کے بعد تصادم کا سلسلہ شروع ہوا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں نابلس میں 3فلسطینی مزاحمت کار شہید ہوگئے تھے۔اس کارروائی کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر بمباری کا سلسلہ شروع کر دیا ، جس میں بچوں سمیت کم از کم 49 فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی بحریہ کی کشتیوں نے شمالی غزہ کی پٹی میں ماہی گیروں کی کشتیوں کے ساتھ شہر کے مشرق میں زرعی زمینوں پر موجود کسانوں پر فائرنگ کی۔ اسرائیلی بحریہ نے شمالی غزہ کے قریب ماہی گیروں کی کشتیوں پر گولیاں برسائیں اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا۔ اسی طرح خان یونس کے مشرق میں زرعی اراضیپرمشین گنوں سے فائرنگ کی گئی۔