مزید خبریں

میرپورخاص،نومنتخب یوسی چیئرمین کی زیادتی کیخلاف مکینوں کا احتجاج

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں نومنتخب یوسی چیئرمین کی مبینہ زیادتی اور حراساں کرنے کے خلاف مکینوں کا احتجاج زبیدہ ہائٹس کے مکینوں نے ڈاکٹر انیل کمار کی قیادت میں میرپورخاص میونسپل کارپوریشن کی یونین کمیٹی 8 کے چیئرمین اور بلڈر محمد علی کیخلاف پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محمد علی حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر میر شیر محمد تالپور ٹائون کی یوسی نمبر 8 سے چیئرمین منتخب ہوا ہے اس نے غیرقانونی کاروبار کی کمائی سے زبیدہ ہائٹس نامی منصوبہ تعمیر کر کے فلیٹ فروخت کیے ہیں محمد علی نے محرم الحرام میں دو روز سے زبیدہ ہائٹس کے مکینوں کی بجلی، پانی اور لفٹ بند کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے مذکورہ فلیٹس خریدے تھے تو معاہدے میں فلیٹس کی قیمت 16 لاکھ تھی اب وہ مزید 5 لاکھ روپے مینٹیننس چارجز کے نام پر مانگ رہا ہے۔ ڈاکٹر انیل نے بتایا کہ چند روز قبل میری گاڑی جو کہ پارکنگ میں پارک تھی کو نقصان پہنچا تھا جس کی شکایت لے کر میں محمد علی کے پاس پہنچا تو وہ طیش میں آ گیا اور اس نے اپنے غنڈوں سمیت مجھ پر شدید تشدد کیا جس کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں کر دی گئی ہے اس سے قبل محمد علی نے میونسپل کارپوریشن کے ایک سینیٹری انسپکٹر جمیل کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پلازہ میں 60 فیصد ہندو کمیونٹی کے لوگ رہتے ہیں جنہیں مذکورہ بلڈر کمزور سمجھتا ہے جو انہیں مسلسل حراساں اور دھمکیاں دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پلازہ میں رہنے والے تمام افراد فلیٹوں کی مکمل ادائیگی کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود محمد علی فلیٹس کی رجسٹری نہیں کر کے دے رہا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اور مقامی قیادت کے ساتھ ساتھ ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص سے نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔