مزید خبریں

مجلس پاکستان ریاض کی جانب سے اصغر قریشی کےاعزازمیں پروقارتقریب

سعودی عرب ریاض میں معروف فلاحی تنظیم مجلس پاکستان کی جانب سے وادی کشمیر کے سپوت، کمیونٹی کی ہر دلعزیز سماجی اور کاروباری شخصیت محمد اصغر قریشی کو وائس چیئرمین پاکستان اوورسیز کمیشن آزاد کشمیر بننے پر ان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اکابرین نے بھر پور شرکت کی۔
ریاض سے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض مجلس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالوحید نے اپنے مخصوص انداز میں سر انجام دیتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد اصغر قریشی نے کہا کہ کشمیر میں سیاحت کا فروغ نہ صرف خطے کی معاشرتی صورتحال بہتر کرے گا بلکہ بے روزگار اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سرمایہ کاری انفراسٹرکچر اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے کشمیرجوسوئزرلینڈ سے خوبصورتی میں کم نہیں اس کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں گے۔ محمد اصغر قریشی نے مزید کہا کہ مضبوط پاکستان کشمیر کی بقا کی ضمانت ہے۔ محمد اصغر قریشی نے خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر مجلس پاکستان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب سے مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالراوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد اصغر قریشی باصلاحیت اور محب وطن ہیں۔ یہ یقینا اپنی صلاحیتوں اور تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے کشمیر کی جنت نظیر آبادی کی ترقی کے لیے اپنا کلیدی اور تعمیری کردار ادا کرتے رہے گے۔ محمد اصغر قریشی اوورسیز کمیونٹی کا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ رانا عبدالرؤف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کشمیری عوام کی قربانیوں پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے جس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے ، قاضی اسحاق میمن، ارشد تبسم، ریاض راٹھور، منصور محبوب چوہدری، طلعت محمود ، میاں طارق جنید اور دیگر نے بھی محمد اصغر قریشی کو اہم ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد اصغر قریشی کی اوورسیز کمیونٹی اور کشمیر سمیت پاکستان کی ترقی کے لیے مخلصانہ کاوشیں نا قابل فراموش ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں مجلس پاکستان کی جانب سے محمد اصغر قریشی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ پاکستان سعودی عرب سمیت امت مسلمہ کی خوشحالی ترقی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا کے بعد پررونق تقریب اختتام پذیر ہوئی۔