مزید خبریں

ڈی آئی خان، گھر میں گیس لیکج دھماکا، 2 افراد جاں بحق،5 زخمی

ڈیر ہ اسماعیل خان(آئی این پی)ڈیرہ چشمہ روڈ کنڈی ماڈل فارم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی کے ماموں طارق کنڈی کے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، فیصل کریم خان کنڈی کی ممانی اور کمسن بھتیجی سمیت2افراد جاں بحق،ماموں طارق زمان، ان کا بیٹا، 2بیٹیوں اور نواسی سمیت 5افراد جھلس کر زخمی، زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث برنس سینٹر اسلام آباد ریفر کر دیا گیا۔ تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ چشمہ روڈ پرگائوں کوکار کے قریب پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی کی رہائش گاہ کنڈی ماڈل فارم کے عقب میں ان کے ماموں طارق کنڈی کے گھر گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گھر کے دو رہائشی کمروں اور کچن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی آوازکی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر حافظ عدنان خان کی قیادت میںتھانہ صدر پولیس اور انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ عنایت اللہ ٹائیگر اور ریسکیو1122ٹیم کی میڈیکل و فائر سیفٹی ٹیم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے جائے وقوع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہمی کے بعد اسپتال منتقل کیا، گیس لیکج دھماکے میں فیصل کریم خان کنڈی اور پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا اسمبلی میں رکن اسمبلی احمد کریم خان کنڈی کے ماموں طارق زمان کنڈی ولدعزیز الرحمن کنڈی، ان کی اہلیہ حمیدہ بی بی،بیٹا حیدر کنڈی، دو بیٹیاں عروبہ بی بی اور زینب بی بی سمیت دو نواسیاں 7سالہ مریم بی بی اور آمنہ بی بی دختران حید ر کنڈی جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ گھریلو سامان اور گھر میں کھڑی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال ڈیرہ منتقل کیا گیا جہاں طارق زمان کنڈی کی اہلیہ حمیدہ بی بی اور 7سالہ نواسی مریم بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں، دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت اور ڈیرہ اسپتال میں برنس سینٹر کی سہولیات نہ ہونے پر اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی کے ماموں طارق زمان کنڈی و دیگر زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ ادھر اس افسوسناک سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مقامی عمائدین کی کنڈی ماڈل فارم آ کر واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔