مزید خبریں

معاشی عدم استحکام کے باعث ادارے تباہ ہورہے ہیں، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ معاشی عدم استحکام کے باعث ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ عوام کی زندگی دن بدن ابتر ہوتی چلی جارہی ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی نے لوگوں کو شدید مایوس کیا ہے۔تینوں بڑی جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 170،پی پی 158،پی پی 167اور پی پی 168میں مختلف انتخابی سرگرمیوں کے دوران کارکنان،ذمے داران اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوا م 17جولائی کو کرپٹ افراد کو ووٹ دینے کے بجائے محب وطن اور ایماندار قیادت کو ووٹ دیں تاکہ ان کے مسائل گھروں کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ گزشتہ 40برسوں سے مٹھی بھر اشرافیہ نے چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر عوام پر حکمرانی کی ہے۔ مگر عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔ قومی خزانے کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پر پی پی 170کے امیدوار وقاص بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک و قوم کو صاف ستھری قیادت فراہم کرسکتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ خدمت خلق کو ترجیح دی ہے۔ حکومت میں ہوں یا نہ ہوں، ہمارے فلاحی پروگرام ہمیشہ یکساں رفتار سے جاری رہے ہیں۔ ملک و قوم کی تقدیر صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی بد ل سکتی ہے۔ پی پی حلقہ 167کے امیدوار خالد احمد بٹ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ لوگوں کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ کرپٹ عناصر جب بھی بر سر اقتدار آئے انہوں نے صرف اپنی تجوریاں بھری ہیں۔ عوام کے ووٹوں پر منتخب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچے والوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ حلقہ 158سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار عمیر اعوان نے کہ عوام 17جولائی کو غلام ابن غلام حکمرانوں کو مسترد کردیں۔ ان لوگوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔ ملک و قوم کواس نہج پر پہنچانے والی تینوں بڑی جماعتوں نے کوئی ایک بھی ٹکے کا کام نہیں کیا۔ اس موقع پرپی پی 168کے امیدوار عثمان غنی نے کہا کہ اتحادی اور انصافی سب نے صرف اور صرف اپنے مفادات کی سیاست کی ہے۔ عوام کوان نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے۔