مزید خبریں

جھڈو ،بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا،حسب معمول بجلی غائب

جھڈو(نمائندہ جسارت) جھڈو میں جمعرات کو ہونے والی مون سون کی ہلکی بوندا باندی کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بوندا باندی شروع ہوتے ہی جھڈو و گردونواح میں حسب معمول بجلی غائب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جھڈو میں جمعرات کی شام کو مون سون بارش کے سلسلے میں ہونے والی بوندا باندی سے علاقے میں جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اورموسم انتہائی خوشگوار ہوگیا،جبکہ بوندا باندی شروع ہو تے ہی جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر شہریوں نے حیسکو انتظامیہ کی نااہلی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ، جبکہ ہلکی بارش اور مسلسل بوندا باندی کے باعث شہر و مضافاتی کالونیوں کے نشیبی علاقے برساتی پانی کی وجہ سے زیر آب آگئے اور ٹاؤن کمیٹی جھڈو انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کے باعث شہر اور کالونیوں میں کاروباری اور رہائشی علاقوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کا پانی تاحال جمع ہے، جگہ جگہ برساتی پانی جمع ہونے سے شہر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا ، جبکہ جگہ جگہ برساتی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آ مدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔