مزید خبریں

سجاول:معاون خصوصی وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی کمشنر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

سجاول (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور ڈپٹی کمشنر کا سجاول شہر کے مختلف علاقوں اور ڈسپوزلز کا دورہ، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے جاری کام کا جائزہ، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بین الصوبائی ورابطہ سید ریاض حسین شاہ شیرازی اور ڈپٹی کمشنر سجاول شہر یار گل میمن نے مون سون بارشوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے عید کے تیسرے دن بھی سجاول شہر کے مختلف ڈسپوزلز، ڈرین نالوں اور علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب اور جاری صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پبلک ہیلتھ، میونسپل، ڈرینیج اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سجاول نکاسی آب کے لیے مسلسل جنگی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس مشکل گھڑی میں عوام کو تنہا ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سجاول اوردیگر تمام متعلقہ افسران کی جانب سے بارشوں کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ نکاسی آب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔