مزید خبریں

حیدرآباد:ڈویژنل کمشنر کی شفاف بلدیاتی انتخابات یقینی بنانیکی ہدایت

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات سے قبل تمام ترمطلوبہ ا نتظامات مکمل کرلیں اور اپنے ا پنے اضلاع میں مقررہ پولنگ اسٹیشنز اور یونین کونسلزکی تعداد کی فہرست انہیں فراہم کریں۔ یہ ہدایت انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں 24 جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد پیر محمد شاہ،ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد/ڈی آر او حیدرآباد علی عبد اللہ خالد،ایڈیشنل کمشنر ٹو حیدرآباد ثنا اللہ رند،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو،ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد محمد یوسف مجیدانو کے علاوہ ڈویزن کے دیگر ڈپٹی کمشنرز/ ڈی آر اوز،ایس ایس پیز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی – اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ افسران،ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسرز، رٹرننگ آفیسرزکو کہا کہ وہ حیدرآباد ڈویزن میں24 جولائی کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے حصول کو اس طرح یقینی بنائیں کے اس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ پولنگ اسٹیشنزکی فہرست کے مطابق پولنگ اسٹیشنزکا دورہ کرکے وہاں پانی،بجلی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں اوراگر وہاں کچھ سہولیات مطلوب ہیں توان کے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ دیں۔ کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے متعلقہ افسران کو انتخابات سے قبل پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی جس کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر دستیاب سہولیات ،سیکورٹی ،یونین کائونسلز کی تعداد، عملے کی تربیت، انتخابی موادکی ترسیل اور دیگر متعلقہ امور پر مشتمل پلان شیئر کیاجائے تاکہ پرامن طریقے سے صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز/ڈی آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کیے گئے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات کے ساتھ ساتھ حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں اور اس ضمن میں اپنا پلان تشکیل دے کر انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پولیس اور الیکشن کمیشن سے قریبی رابطے میں رہیں اور ان سے مل کر سیکورٹی پلان ترتیب دیں۔انہوںنے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں پر برساتوں سے بچائو کے اقدامات کرتے ہوئے اگر کسی پولنگ اسٹیشن پر برساتی پانی جمع ہو جائے تو اس کے فوری اخراج کو یقینی بنائیں۔انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنا لوڈشیڈنگ کا شیڈول الیکشن کمیشن اور تمام ڈی سیز سے شیئر کریں اور پولنگ کے روز پولنگ اسٹیشنوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج پیر محمد شاہ نے سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے روز پولیس نفری کے ساتھ رینجرز کو بھی تعینات کیا جائیگا جبکہ پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کہا گیا ہے اور اس کو اسٹینڈ بائے رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نفری کی تعیناتی، پیٹرولنگ اور رینجرزکی تعیناتی کے حوالے سے ڈویژن کے تمام ایس ایس پیز کو سکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبک سکیورٹی پلان تمام اسٹیک ہولڈرز سے شیئر کیا جائے گا۔