مزید خبریں

ـ100 یونٹ تک بجلی مفت ،الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس ،پی ٹی آئی کا عدالت عظمیٰ کو خط

اسلام آباد(صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بجلی کے100یونٹ ریلیف پیکج کے اعلان کو خلاف ضابطہ قراردیدیا‘ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے 7 جولائی کو جواب طلب کرلیا ‘ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعدکوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ ان حلقوں میں کسی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے پنجاب حکومت کی جانب سے 100 یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر عدالت عظمیٰ کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا فارمولا سیاسی فوائدکے لیے ہے‘یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 22 جولائی تک صرف ضابطے کے اختیارات استعمال کریں گے‘ حمزہ کا مفت بجلی دینے کا پیکج ایک جعلی پیکج ہے‘ اس کا مقصد عدالت سے حاصل ریلیف کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا ہے۔ حمزہ شہباز نے عدالت عظمیٰ کے واضح احکامات اور انتخابی ضابط اخلاق کو پیروں تلے روند دیا ہے،ضمنی انتخابات کی شفافیت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔